وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی اسلام آباد ایکسپریس وے پر قائد اعظم یاد گاری پورٹریٹ کےافتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

65

اسلام آباد۔29مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف کھڑے ہونے والی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں ن لیگ اور  پیپلز پارٹی ہمیشہ کیلئے الگ الگ ہوگئے ہیں، اصل فیصلہ فضل الرحمان نے کرنا ہے، کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے لاک ڈاؤن این سی او سی کا کام ہے، عمران خان سیاست کا بھی کپتان ہے انہی کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پیر کو یہاں اسلام آباد ایکسپریس وے پر قائد اعظم یاد گاری پورٹریٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پرقائداعظم پوٹریٹ کی تعمیر نو کی گئی۔  وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ60 دن کے اندر اندر قائد اعظم کی آرکائیو بنائیں گے، اسلام آباد کے ہرپارک کو پندرہ روزکےبعد رینویٹ کریں گے، شہر کو باغوں اور پارکوں کا شہر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں (ن)لیگ اور پی پی پی ہمیشہ کیلئے الگ الگ ہوگئے ہیں، اصل فیصلہ فضل الرحمان نے کرنا ہے، یہ سارے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے اور ٹھس ہو گئے، پی ڈی ایم میں اختلاف اپوزیشن کی نااہلی ہے، اپوزیشن کو کہتے ہیں اب آپ لوگوں سے عمران خان نہیں جانے والا، اسمبلیوں میں آئیں ریفارمزپر بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں 14سے20ماہ میں بھی ختم ہوئی ہیں۔  انہوں نے کہا کہ وقت ہے کہ انتخابی اصلاحات کریں، عمران خان کے خلاف اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی، کابینہ میں ردوبدل ہوتا رہتا ہے،  کسی بھی وزارت میں ہوں وہ وزیر ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان سیاست کا بھی کپتان ہے انہی کے ساتھ کھڑا ہو ں، عمران خان کے ساتھ آیا ہوں اور ساتھ ہی جائوں گا، غریب کے لئے پاسپورٹ کی میعاد 10 سال کر دی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے  کور کمیٹی، ترجمانوں اوروزرا سے کہا  ہے کہ وقت کم ہے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں میڈیا ٹاؤن بنا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، لاک ڈاؤن این سی او سی کا کام ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی سکینڈلز کو شہزاد اکبر دیکھ  رہے ہیں اور لاک ڈائون پر این سی او سی کام کررہا ہے، میرا ان سے کوئی کام نہیں، میں اپنی وزارت میں دخل اندازی نہیں کرنے دیتا اور نہ ہی کسی کی وزارت میں دخل اندازی کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کل ایپس لا رہے ہیں، ایک جگہ پر 18سال سے بیٹھے  افسران کو تبدیل کر رہے ہیں اور ان کی جگہ دوسرے افسران کو لگا رہے ہیں ،ان کے انٹرویو ہوچکے ہیں اور جو افسران باہر بیٹھے ہوئے ہیں انہیں بھی یہاں بلارہے ہیں، قائد اعظم نے بھی حقائق اور اصول کا عملی جامع پہنایا۔