ٹیکس اصلاحات سے ٹیکس کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے گا؛ وزیر اعظم  عمران خان

73

اسلام آباد،5مارچ  (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس اصلاحات کا مقصد ٹیکس کے نظام کو آسان بنانا ہے ، اصلاحات سے ٹیکس کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے گا، ٹیکس نظام اس طرح ترتیب دیا جائے کہ کاروبار آسان اور معیشت ترقی کرے۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو  یہاں ٹیکس اصلاحات  سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا کہ  ٹیکس وصول کرنے والے کے صوابدیدی اختیارات کو کم کیا جائے گا ، ٹیکس نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آٹومیشن کو متعارف کرایا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فلائنگ انوائسز کے مسئلے پر خصوصی توجہ دی جائے اور ٹیکس نظام اس طرح ترتیب دیاجائے کہ اس سے کاروبار میں سہولت  ہو اور معیشت ترقی کرے۔

اجلاس  میں  وفاقی  وزر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار،  وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی  اسد عمر،  وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر،  وزیر اعظم کے مشیر  برائے تجارت عبدالرزاق داؤد،  وزیرا عظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر عشرت حسین،  ڈاکٹر وقار مسعود، تابش گوہر، ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ، و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔