پی پی رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت،گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے

65

سکھر،15مارچ  (اے پی پی):سکھرکی احتساب عدالت میں خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی ، گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ، سماعت 29 مارچ تک ملتوی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما سید خورشید احمد شاہ  کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی ، سید خورشید شاہ کو ایمبولینس کے ذریعے این آئی سی وی ڈی ہسپتال سے عدالت لایاگیا، صوبائی وزیر سید اویس شاہ اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران  گواہاں کے بیانات ریکا رڈ کئے گئے جس کے بعد عدالت نے سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی۔ سید خورشید شاہ ،  ان کی دو بیگمات اور دو صاحبزادوں ایم پی اے سید فرخ شاہ ، سید زیرک شاہ ، داماد سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ سمیت اٹھارہ افراد  کے خلاف ایک ارب 23  کروڑ روپے  کے آمدن سے زائد  اثاثہ جات  بنانے کا الزام ہے جس پر  نیب نے ریفرنس  دائر کیا پوا ہے۔ ملزمان کے خلاف فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔ ریفرنس کی سماعت سکھر احتساب عدالت کے جج فرید انور قاضی نے کی۔ سماعت کے موقع پر سکھر انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت  انتظامات کئے تھے۔