سفارت خانہ پاکستان  برسلز میں منعقدہ “روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ” پر ویبنار

132

 

برسلز،06 مارچ ( اےپی پی): سفارت خانہ پاکستان، برسلز نے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اشتراک سے 6 مارچ 2021 کو “روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ” (آر ڈی اے) پر ایک ویبنار کا اہتمام کیا۔

 ویبنار آر ڈی اے اسکیم کی خصوصیات اور فوائد کے بارے میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی  میں شعور بیدار کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا تھا۔

 ویبنار سے بیلجیم ، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر  ظہیر اے جنجوعہ ، ایچ بی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر مسٹر صغیر مفتی اور اسٹیٹ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی نے خطاب کیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ، سفیر ظہیر  جنجوعہ نے آر ڈی اے کو حکومت کا ایک بروقت اقدام قرار دیا ، جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں  کو بینکاری کی ایک مکمل رینج کی فراہمی کے ذریعے پاکستانی بینکاری اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں ضم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس اقدام سے پچھلے 5 ماہ کے دوران دنیا بھر میں 93،000 اکاؤنٹ کھولنے کے ذریعے 500 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات زر دیکھی گئیں ہیں ۔ سفیرپاکستان نے مزید کہا کہ رواں مالی سال (2020-21) کے پہلے سات ماہ کے دوران بیلجیم اور لکسمبرگ سے ترسیلات 305.6 فیصد اضافے کے بعد 136.4 ملین امریکی ڈالر ہوگئیں ہیں ۔

 سفیرپاکستان نے ترسیلات زر کے بہاؤ میں ریکارڈ اضافے پر پاکستانی کمیونٹی  کا شکریہ ادا کیا اور امید کی کہ یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہے گا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر ، ایچ بی ایل ، صغیر مفتی نے اس اقدام کے تحت متعدد فوائد کے بارے میں بات کی۔جبکہ  منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ، سید عرفان علی نے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی اہم خصوصیات اور فوائد کے بارے میں تفصیلات بیان کی۔

ورچوئل انٹرایکشن میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی باشندوں نے بڑی تعداد میں  شرکت کی جس میں بینکر ، مالیاتی ماہرین ، کاروباری افراد ، طلباء  اور میڈیا شامل تھے۔ شرکاء نے بحث میں فعال طور پر حصہ لیا ، اسکیم کے بارے میں سوالات پوچھے اور اس اقدام کی تعریف کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا افتتاح ستمبر 2020 میں لاکھوں غیر مقیم پاکستانیوں کو بینکاری کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے کیا

تھا-