پشاور، 29اپریل(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن پشاور نے کورونا کی تیسری لہر میں شدت اور متاثرہ مریضوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پشاور کے بڑے تدریسی ہسپتالوں میں بیڈز کی کمی سے پیدا شدہ صورتحال کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن نے پشاور شہر کے قلب میں واقع الخدمت ہسپتال نشترآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ 25بیڈز پر مشتمل سپیشل کورونا کیئر یونٹ کا آغاز کردیا جس میں وینٹی لیٹرز،سپیشل پیشنٹ مانیٹر یونٹ،آکسیجن سی پیک مشین، جدید آئی سی یو اورکورونا پی سی آر لیب سمیت تجربہ کار ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر مشتمل ٹیم 24گھنٹے مریضوں کی نگہداشت کے لئے دستیاب ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے الخدمت ہسپتال نشترآباد میں 25بیڈز پر مشتمل سپیشل کورونا کیئر یونٹ کا افتتاح کرنے کے بعدحفاظتی اقدامات اور ایس او پیز کے تحت ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے بیڈز پر جا کر انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔کورونا ایس او پیز کے تحت منعقدہ مختصرافتتاحی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص،جنرل سیکرٹری محمدشاکر صدیقی،سابق سینئرصوبائی وزیر صحت عنایت اللہ خان،جماعت اسلامی صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالوسع،ضلعی امیر عتیق الرحمن،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر صدیق الرحمن پراچہ ,صوبائی میڈیا منیجر نورالواحدجدون،اور الخدمت کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ عالمی وباء کورونا میں پہلے ہی روز سے گراس روٹ لیول پر الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے جو لازوال خدمت کی ہے وہ پوری قوم کے لئے باعث فخر واطمینان ہے۔انہوں نے کہا کہ تیسری لہر پہلے دونوں لہروں کے مقابلے میں زیادہ شدید اور نقصان دہ ہے اور بدقسمتی سے عوام ماضی کے مقابلے میں اح7تیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کی وجہ سے جانی نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ عوام ایس ا وپیز پر پوری طرح عمل کر کے ایک ذمہ دار قوم ہونے کا عملی ثبوت فراہم کریں۔
سراج الحق نے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہر کے وسط میں اپنی ملکیت کمرشل بلڈنگ بلامعاوضہ الخدمت کورونا سپیشل کیئر یونٹ اور پی سی آر لیب کے لئے فراہم کرکے خدمت انسانیت کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے مخیر افراد سے اپیل کی کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرین کی مدد کے لئے آگے بڑھیں اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ان حالات کا مقابلہ ممکن بنائیں۔اس موقع پر انہوں نے کورونا سپیشل کیئر یونٹ میں مسلسل خدمات پر ڈاکٹروں،نرسز اور طبی عملہ کو یادگاری شیلڈز پیش کئے۔