دو نئی نیب کورٹس ایک ہی جگہ قائم کرنے کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر

23

سکھر،29 اپریل ( اے پی پی ) : سکھر میں دو نئی نیب کورٹس کے قیام کے لئے سندھ ہائی کورٹ سکھر میں درخواست دائرکر دی گئی ہے۔درخواست میں عدالت سے استعدا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر سکھرمیں دو نئی احتساب کورٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جو ایک ہی کمپلیکس میں قائم کی جائیں۔عدالت نے پٹیشن منظور کرتے ہوئے فریقین کو 20 مئی کو طلب کرلیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں نیب کورٹس کے قیام کے متعلق سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ایڈوکیٹ علی رضا بلوچ کی معرفت پٹیشن فائل کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر دو نئی احتساب کورٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، کورٹ حکام بنگلوز میں نئی کورٹس کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں، بنگلوز میں جگہ کم اور سیکیورٹی خدشات ہیں، دو سال قبل نیب کورٹ پر کریکر حملہ بھی ہوچکا ہے، اس لئے مختلف مقامات کی بجائے دونوں نیب کورٹس ایک ہی کمپلیکس پر قائم کی جائیں۔عدالت نے پٹیشن منظور کرتے ہوئے فریقین کو بیس مئی کو طلب کرلیاہے۔