ملتان، 20 اپریل (اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی ملتان آمد ، جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی منaصوبوں کی رفتار دگنی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف دینا ترجیح ہے ، کرونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں کرونا مریضوں کو مثالی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ،اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا مقصد ترقی کا عمل تیز تر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور جنوبی پنجاب میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے قیام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔
سیکرٹری صحت نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی یو کے 95 دستیاب بیڈز پر 66 مریض داخل ہیں ، 88 دستیاب وینٹی لیٹرز میں سے 57 زیر استعمال ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور اورڈیرہ غازی خان میں بھی یکساں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کو بطور ڈسٹرکٹ ہسپتال اپ گریڈ کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا وزیر اعلی کے وژن کے تحت بارتھی کےرورل ہیلتھ سنٹر کو بھی تحصیل ہسپتال کی سطح پر اپ گریڈ کیا جارہا ہے س۔
سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ سکول نہ جانے والے غریب بچوں کے لئے جنوبی پنجاب میں ایوننگ سکولنگ کا منصوبہ شروع کیا جارہاہے ، سکول نہ جانے والے بچوں کی اطلاع دینے کے لیے جنوبی پنجاب میں ہیلپ لائن وضع کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء میں تحریری صلاحیت اجاگر کرنے کے لئے جنوبی پنجاب سے ویب میگزین “روشنی” کا اجرا کردیا گیا ہے ، سکول کے طلباء میں سبزے کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے چھٹی جماعت سے ایک خصوصی مضمون شامل کیا جائے گا ۔
سیکرٹری آبپاشی جنوبی پنجاب نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائبل ایریا میں بارش کا پانی قابل استعمال بنانے کے لیے ڈیم اور چار پانڈ ایریاز کی فزیبلٹی پر کام جاری ہے۔ سیکرٹری فارسٹ جنوبی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں امسال گیارہ سو ایکڑ رقبہ پر جنگلات کا منصوبہ جاری ہے ۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے مجوزہ جگہ کا بھی دورہ کیا ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر نے منصوبے پر تفصیلی بریفننگ بھی دی۔