ایران کیساتھدو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں گے، بارڈر مارکیٹوں  کے قیام پر بھی تبادلہ  خیال ہو گا،    وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی کا وڈیو پیغام

9

اسلام آباد,20اپریل  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران صرف پاکستان کا ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایک آزمایا ہوا دوست ہے،ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں گے۔منگل کوایران روانگی سے قبل، دورہ ء ایران کے حوالے سے وزیر خارجہ نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا بے حد مشکور ہوں کہ وہ متعدد بار پاکستان تشریف لائے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  ایران میں، وہاں مجھے ایرانی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں بہت سی نئی پیشرفتیں ہوئ ہیں۔افغانستان کا پڑوسی ہونے کے ناطے، افغان امن عمل ہماری طرح ایران کیلئے بھی اہم ہے، اس حوالے سے،ہمارا مقصد مشاورت کے بعد، حکمت عملی میں یکسوئی پیدا کرنا ہے ۔وزیر خارجہ نے ایران کی سپریم لیڈرشپ کا شکریہ ادا کیا،جنہوں نے مسئلہ ء کشمیر کے حوالے سے انتہائی واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا اور پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی۔ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات اور بارڈر مارکیٹوں  کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال ہو گا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران صرف پاکستان کا ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایک آزمایا ہوا دوست ہے ،ہم نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی معاونت کی ہے ۔ہماری کوشش ہو گی کہ ہم اپنے دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں ۔