بلوچستان حکومت نے  15 روز کیلئے صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا

34

کوئٹہ،17اپریل(اے پی پی): ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہےتیسری لہر پہلے دو لہروں سے زیادہ خطرناک ہیں۔ گزشتہ روز کیسز میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، فاطمہ جناح ہسپتال میں تمام وارڈ بھر چکے ہیں اور حکومت نے 15 روز کیلئے صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کردیا گیا ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ و اتوار کو تمام مارکیٹز مکمل بند تاہم سوموار تا جمعہ سحری تا شام 6:00 بجے تک مارکیٹز کھلے رہینگی، تمام تقریبات انڈور و آوٹ ڈور پر مکمل پابندی ہو گی، ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ بند تاہم افطار تا رات 12 بجے آوٹ ڈور ڈائننگ و ٹیک اوے سروس کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں،حکومت کی پہلی ترجیح عوام کی زندگی ہے ،کرونا کی پہلی لہر میں ایس او پیز پر عملدرآمد سے کیسز کم ہوئے ہیں، اگر حالات مزید خراب ہوئے تو مکمل لاک ڈاون کرینگے ۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے دکانداروں کو صرف جرمانہ نہیں بلکہ سزا بھی دینگے اور ہم اپنے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کروائینگے جس تعلیمی ادارے میں زیادہ کیس رپورٹ ہورہے ہیں اسے بند کررہے ہیں اور ہماری اپنے علماءکرام سے اپیل کرتے ہے کہ وہ کورونا کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔