بچوں کو تحفظ فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: ڈاکٹر ہشام انعام اللہ

33

پشاور، 19اپریل(اے پی پی): وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ مجوزہ ترامیم پر مشتمل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ2010 اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کر کے پاس کیا جائے گا۔ ایکٹ کی باقاعدہ منظوری کے بعد اس پر سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے گا کیونکہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کے ہمراہ گزشتہ روز چیف سیکرٹری کیبنٹ روم میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ 2010کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

اجلاس میں ایڈوکیٹ جنر ل خیبر پختونخوا شمائل بٹ،سیکرٹری قانو ن مسعود الرحمن اور سیکرٹری سوشل ویلفئیرذوالفقار علی نے شرکت کی۔جلاس کو چائلڈ پروٹیکشن ویلفئیر ایکٹ میں سپیشل کمیٹی کی جانب سے مجوزہ ترامیم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس نے چائلڈ ٹریفکنگ کے لئے سپشل کمیٹی کے مجوزہ سزا دو سے بارہ سال تک قید اور جرمانہ 10 لاکھ سے بڑھاکر 50 لاکھ مقرر کرنے سے اتفاق کیا۔ اجلاس میں چائلڈ پورنوگرافی کے لئے مجوزہ سزا کم ازکم 14 سال اور زیادہ سے زیادہ 20 سال قید اور 20 لاکھ سے 70 لاکھ تک جرمانے کی سزا سے اتفاق کیا گیا۔