رحیم یار خان: ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کا سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ، سبزی و پھلوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا  

12

رحیم یار خان،23  اپریل (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کا ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر ارسلان کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ، ڈپٹی کمشنر نے مختلف سٹالز پر جاکر سبزی و پھلوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا  اور خریداروں سے سبزی کے نرخ اور معیار بارے دریافت کیا ۔

ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو رمضان بازاروں، عام مارکیٹ اور کورونا صورتحال کے  بارے میں  آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں کو عوامی دسترس میں رکھنے کے لئے حکومت پنجاب نے مانیٹرنگ کا جامع نظام مرتب کیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیلوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ہمراہ ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں جبکہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، معیار کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع میں 13 رمضان بازار لگائے گئے ہیں۔ 2 لاکھ 90 ہزار 158 شہری رمضان بازاروں سے خریداری کر چکے ہیں ۔ رمضان بازاروں میں1 لاکھ 93 ہزار 428 کلو گرام سستی چینی فروخت کی گئی ہے جبکہ 91 ہزار 313 آٹا کے تھیلے فروخت کئے جا چکے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر  نے  کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی، رمضان بازاروں اور عام مارکیٹ میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔شہری ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ ضلع میں کورونا سے متاثرہ 683 ایکٹیو کیس موجود ہیں۔ضلع میں کورونا نے مجموعی طور پر 3860 افراد کو متاثر کیا، 3017 افراد کورونا سے صحت یاب جبکہ 161 اموات رپورٹ ہوئی جبکہ 16ہزار 101 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔