ملتان:ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، سی پی او منیر مسعود مارتھ کا مسلسل چوتھے روز سبزی منڈی کا دورہ

12

 

ملتان،23اپریل(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ نے مسلسل چوتھے روز سبزی منڈی کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے سبزیاں اور پھل منڈی لانے والے کاشتکاروں سے ملاقات کی اور سبزی منڈی میں درپیش آنے والے مسائل بارے   دریافت  کیا   اور   سبزی منڈی میں نیلامی کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لئے کاشتکاروں کی رائے بھی معلوم کی۔

ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر نے آڑھتیوں،بیوپاریوں اور خریداری کرنے والے دوکانداروں سے بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے کے لئے ہر پہلو کا جائزہ لے رہی ہے،کسی کو مارکیٹ میں اجارہ داری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی خواہش ہے کہ منڈی میں اشیائے ضروریہ کے نرخ طلب اور رسد کے مطابق طے ہوں اور کسان کو اس کی فصل کا صحیح معاوضہ ملے اور صارف کو بھی ریلیف پہنچے۔

ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں ٹریفک اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

سی پی او منیر مسعود مارتھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی آنے والی گاڑیوں کی راہ میں بلاوجہ کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔فارم سے منڈی تک آنے والی ٹریفک کے لئے سہل رسائی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی کی سکیورٹی کے لئے پولیس چوکی میں تعینات اہلکاروں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔اس کے  علاوہ  پولیس کو اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

سی پی او نے مزید بتایا کہ شہر کی مارکیٹوں میں سکیورٹی بہتر بنانے کے لئے تاجربرادری سے بھی تعاون طلب کیا گیا ہے۔