پشاور، 29اپریل(اے پی پی): محکمہ خوراک کے افسران نے رمضان آپریشن کے دوران عام شہری کے روپ میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 17 قصابوں کو گرفتار کرلیا۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے گلبہار اور ہشت نگری کے مختلف علاقوں میں عام شہری کے روپ میں قصابوں کے دکانوں کے دورے کئے اور گوشت کی خریداری کی جہاں پر قصاب چھوٹا گوشت 1200 جبکہ بڑا گوشت 600 روپے فی کلو فروخت کر رہے تھے جس پر 17 قصابوں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔
راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ اشیائے خوردونوش سے وابستہ تاجر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں اور سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کریں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں نا جائز منافع خوری کرنیوالوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔