ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ؛وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  کا  امن  وامان کی  صورتحال  سے  متعلق  اجلاس  میں اظہار خیال

19

اسلام آباد،14اپریل  (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے  کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، رینجرز نے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ ملکر بہت زبردست کام کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار   وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  نے  امن وامان کی صورتحال پرمنعقدہ   اجلاس  کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔ اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ  نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔   انہوں نے کہا کہ موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لئے کلیر کروالی گئی ہیں-اسلام آباد راولپنڈی میں لیاقت باغ، ترنول، بارہ کہو، روات کے علاقوں کو ٹریفک کے کئے کھلوا لیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد  نے  پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو علاقے کلئیر کرانے پر مبارکباد  دی  اور اجلاس میں شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج   عقیدت پیش   کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

اجلاس   میں  وفاقی وزیر مذہبی امورنور الحق قادری سمیت   سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آباد، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں  نے  شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب انعام غنی اور کمشنر راولپنڈی کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔