سعودی عرب کا پاکستان کو مزید 120 ٹن کھجوروں کا تحفہ،صوبائی وزیر  سیّد سعید الحسن نے تحفہ وصول کیا

30

اسلام آباد،14اپریل(اے پی پی):سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان میں “تقسیم کھجور پروگرام” کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں مزید  120 ٹن کھجوروں کا تحفہ پاکستان کے حوالے کیا گیا۔

“تقسیم کھجور پروگرام” کے سلسلہ میں  منعقدہ  تقریب  میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ صوبائی وزیر براۓ مذہبی امور و اوقاف، پنجاب سیّد سعید الحسن نے حکومت پاکستان کی طرف سے تحفہ وصول کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوۓ سید سعید الحسن نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جو اس بات کا مظہر ہے کہ دونوں برادر اسلامی ملک مضبوط رشتے سے منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پوری دنیا میں خاص طور پر مسلمان ممالک میں خیراتی اور رفاہی کاموں میں پیش پیش ہے۔

یاد رہے کہ شاہ سلمان سینٹر کی جانب سے گزشتہ ہفتے بلوچستان کے بیس ہزار پسماندہ خاندانوں کیلئیے رمضان فوڈ پیکج بھیجے گئے تھے۔ اسی طرح گذشتہ روز حکومت پاکستان کو بھی 100 ٹن کھجوریں بطور تحفہ دی گئیں۔