اسلام آباد،13 اپریل(اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عوام اور حکومت، پاکستان کے عوام کیلئے خصوصی محبت رکھتے ہیں۔
منگل کو یہاں سعودی سفارتخانے میں حکومت پاکستان کو 100ٹن کھجوریں تحفتاًدینے کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
تقریب میں شریک کابینہ ڈویژن کے ڈی جی بریگیڈیئر طاہر راشد نے کہا کہ سعودی عرب کا یہ تحفہ دونوں اسلامی ملکوں کے باہمی بہترین تعلقات کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے عوام سے بے حد محبت کرتے ہیں ۔
تقریب میں 100 ٹن کھجوریں حکومت پاکستان کو دینے کی یادداشت پر سعودی سفیر اور ڈی جی کابینہ ڈویژن نے دستخط کیے۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور ڈائریکٹر شاہ سلمان امدادی سینٹر ڈاکٹر خالد عثمانی نے کھجوریں حکومت پاکستان کے نمائندے کے حوالے کیں۔