صوبائی وزیر برائے چیف منسٹرپنجاب معائنہ ٹیم حاجی محمد اجمل چیمہ کا چنیوٹ کا دورہ

40

چنیوٹ،07 اپریل ( اےپی پی): صوبائی وزیر برائے چیف منسٹرپنجاب معائنہ ٹیم حاجی محمد اجمل چیمہ نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس چنیوٹ میں ڈپٹی کمشنر عمران عصمت پنوں کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز غزالہ کنول، اقراء مصطفی، فضل عباس، سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، سی اوز ایم سیز، ای اے ڈی اے،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ریاض حسین و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر عمران عصمت پنوں نے صوبائی وزیرکو پرائس کنٹرول مکینزم پر عملدرآمد، کورونا کی صورتحال اور کورونا ویکسی نیشن سنٹرز اور رمضان بازار لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پر صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر چنیوٹ آئے ہیں، انکا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ماہ رمضان میں عوام و سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے رمضان بازار لگوا رہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام  کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے میں میڈیا کی وساطت سے عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ بہت احتیاط کریں ہمیشہ ماسک پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں،بعد ازاں انہوں نے چناب آفیسر کلب میں بنائے گئے کورونا ویکسینیشن سنٹر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بنائے گئے کورونا وارڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں ویکسین لگوانے کیلئے آئے ہوئے عمرہ رسیدہ خواتین اور مردوں سے ملاقات کی اور ان سے سہولیات بارے دریافت کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران عصمت،اسسٹنٹ کمشنر غزالہ کنول،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف و دیگر ڈاکٹرز و سٹاف بھی موجود تھا۔