پوری قوم  دہشت گردی کیخلاف  جنگ میں پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے؛وزیر خارجہ

92

اسلام آباد، 08 اپریل(اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری  افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ،پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسیٹیٹوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر کیا۔ آرمی میڈیکل کور کی سربراہ لفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن کے سربراہ کمانڈنٹ میجر جنرل ظفر علی اور انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ  نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ کو آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن کے دائرہ کار اور کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی،وزیر خارجہ نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور زیر علاج پاک فوج کے باہمت اور پر عزم جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم اور حوصلے کی داد دی۔

وزیر خارجہ نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

واضح رہے کہ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ فار ری ہیبیلٹیشن میڈیسن ،ملک میں مصنوعی اعضا کا سب سے بڑا اور جدید مرکز ہے جہاں خاص طور پر محاذ جنگ پر زخمی ہونے والے فوجیوں کو علاج کے لیے لایا جاتا ہے۔