ناموس رسالتﷺ پر ایوان کی متفقہ قرارداد آنی چاہیے،  شاہد خاقان عباسی

23

اسلام آباد،20اپریل(اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رکن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ناموس رسالتﷺ پر ایوان کی متفقہ قرارداد آنی چاہیے، پورے ایوان کو خصوصی کمیٹی کا درجہ دینا چاہیے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتﷺ کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس پر پورا ایوان متفق اور یک زبان ہے۔ اس معاملے میں کوئی دو رائے نہیں ہے لیکن جو قرارداد سامنے لائی گئی ہے اس سے اس اتفاق رائے کو متنازعہ بنایا جارہا ہے، قرارداد متفقہ ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو توفیق نہیں ہوئی کہ ہمیں بتایا جائے کہ اجلاس کس مقصد کے لئے بلایا جارہا ہے۔ انہوں نے سپیکر سے اجلاس کو ایک گھنٹے کے لئے ملتوی کرنے اور متفقہ قرارداد لانے کے لئے صلاح مشورے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ خصوصی کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پورے ایوان کو کمیٹی کا درجہ دیا جائے اور معاملے پر بحث ہونی چاہیے، قرارداد بھی متفقہ لانی چاہیے۔

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ یہ قرارداد حکومت کی طرف سے نہیں بلکہ پرائیویٹ ممبر امجد علی خان کی طرف سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان جو مذاکرات ہوئے ، امجد علی خان کی قرارداد اسی پیرائے میں سامنے لائی گئی ہے۔ اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے