ناموس رسالت پر مسلم اُمہ کو یکجا ہو کر متفقہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے ؛اسپیکر قومی  اسمبلی اسد قیصر

12

اسلام آباد :22 اپریل 2021: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ناموس رسالت پر مسلم اُمہ کو مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ ناموس رسالت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو مسلم اُمہ کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے ناپاک سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر مغربی ممالک کے سامنے اس مسئلے کو اجتماعی طور پر اٹھانا ہوگا۔حکومت مذہبی ہم آہنگی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی براے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ عالمی پارلیمنٹس کے اسپیکرز کو خطوط لکھیں گے تاکہ توہین رسالت اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے خلاف اس مہم کو روکا جا سکے۔انہوں نے  مسلم اُمہ کے مابین یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ اسلامو فوبیہ کے بڑھتے ہوئے عالمی رحجان کو روکنے کے لیے تمام مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی براے مذہبی ہم آہنگی مولانا محمد طاہر اشرفی نے ناموس رسالت کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہا۔انہوں نے تمام فورم پراس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور مستقل بنیاد پر اس کا حل تلاش کرنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔