وزیر اعظم عمران خان سے صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخواہ اور صوبہ سندھ کی فلور ملز ایسوسی ایشنز کے موجودہ اور سابقہ چئیرمین و نمائندگان کے وفد کی ملاقات

33

اسلام آباد: 22 اپریل (اے پی پی )؛وزیر اعظم عمران خان سے صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخواہ اور صوبہ سندھ کی فلور ملز ایسوسی ایشنز کے موجودہ اور سابقہ چئیرمین و نمائندگان کے وفد کی ملاقات۔ ملاقات میں ملک میں آٹے کی فراہمی اور مناسب قیمتوں پر دستیابی کے حوالے سے مختلف تجاویز اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے امور پر گفتگو۔

وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر برائے صنعت مخدوم خسرو بختیار، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، مشیر وزیر اعظم عبدالرزاق داؤد ، جمشید اقبال چیمہ اور اعلی افسران اجلاس میں شریک تھے۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹری صاحبان بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے زریعے شریک تھے۔

وفد نے وزیراعظم کا فلور ملز نمائندگان کے مسائل کے حل کے حوالے سے ملاقات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وفد نے گندم کی ملک میں بروقت فراہمی اور عوام الناس کو آٹے کی مناسب قیمتوں میں دستیابی، گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کو مزید سہل بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس سال گندم کی فصل بہت حوصلہ افزاء ہے۔ امید ہے کہ اہداف اور تخمینوں کے مطابق گندم کی پیداوار حاصل ہو گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فلور ملز نمائندگان کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ہمارے لئے آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانا اور عوام الناس کو آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا اولین اہمیت رکھتا ہے، اس ضمن میں حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔