وزیراعظم عمران خان سے سری لنکا کے ممتاز بدھ بھکشوئوں کے 11 رکنی وفد کی ملاقات

27

اسلام آباد,22اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے سری لنکا کے ممتاز بدھ بھکشوئوں کے 11 رکنی وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ یہ وفد حکومت کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آیا ہوا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے عوام کے مابین رابطے اور بین المذاہب ہم آہنگی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے شاندار گندھارا تہذیبی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں بدھوں کے سب سے مقدس مقامات کی دیکھ بھال کرنے پر فخر ہے، پاکستان میں دنیا بھر سے سیاح مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے مثال قدرتی حسن سے مالا مال اور تاریخی و تہذیبی مقامات ہیں۔ وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ ان کی حکومت بدھوں کے مقدس مقامات کے حوالے سے ایک ٹریل بنانے پر کام کررہی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے مقدس مقامات کی زیارت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹریل کیساتھ جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جس سے دنیا بھر سے آنے والے بدھ زائرین کو اپنے مقدس مقامات کی زیارت کرنے میں سہولت حاصل ہو گی۔ وفد نے حکومت کی طرف سے اس منصوبے اور پاکستان میں بدھوں کے مذہبی مقامات اور آثار قدیمہ کی بحالی اور تزئین و آرائش کو سراہا۔ وفد نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے سیاحوں اور زائرین کیلئے پرکشش ملک ہے۔ وفد نے سری لنکا کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، تعاون اور یکجہتی کو سراہا۔ وفد نے دورے کا انتظام کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفد کے پاکستان کے خوشگوار دورے کیلئے اپنی خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے دورے اور یہاں قیام کے دوران پاکستانیوں کی مہمان نوازی، قدرتی حسن اور بدھوں کے ورثہ کے حوالے سے اپنے تجربات اور مشاہدے سے دنیا کو آگاہ کریں اور انہیں بھی پاکستان کے دورے کیلئے مائل کریں۔