وفاقی  کابینہ نے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام ،لاہور سمیت پانچ شہروں میں رینجرز تعیناتی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دیدی

13

اسلام آباد،13اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کابینہ نے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام ،لاہور سمیت پانچ شہروں میں رینجرز تعیناتی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دیدی ،کابینہ کی سمری اور قانونی مواد کی ڈیجیٹلائزیشن سے 51 کروڑ روپے کی بچت ہوگی،کابینہ میں رد و  بدل حتمی مرحلے میں ہے، حزب اختلاف کی تینوں جماعتوں سے اصلاحات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، مطالبات پر بات ہو سکتی ہے تاہم کوئی گروہ پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ کی کاغذی کارروائی کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہو چکی ہے جس سے قومی خزانے  کو 51 کروڑ روپےکی بچت ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں بھی جلد از جلد پیپر لیس ہوں۔ کابینہ ارکان کو آئندہ ہفتے ٹیبلیٹ دیئےجائیں گے اور کابینہ  کی کارروائی پیپر لیس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے کابینہ کو بریفنگ دی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ اگر پہلے دو ہفتوں میں صورتحال میں بہتری نہیں آئی تو عید شاپنگ سے کورو نا میں مزید تیزی آئے گی انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ کورونا ویکسین کی خریداری پر ہےاور ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے باعث صورتحال تشویشناک ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا ویکسین کی درآمد سے متعلق کمیٹی تشکیل دی گئی۔فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں اجلاس میں ملکی معیشت سے متعلق امور پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا رواں مالی سال ملکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، معاشی شرح نمو تین فیصد ہے جس میں پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں سٹوڈنٹس ویزا فیس میں کمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔کابینہ نے راولپنڈی،گوجرانوالہ،جہلم،لاہور اور بہاولپور میں رینجرز کی تعیناتی اور اسلام آباد میں قانونی چارہ جوئی کے لیے سہولت مرکز کے قیام کی منظوری دے دی ۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفیکیٹ کیلئے پاکستان نہیں آنا پڑے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے زائرین منیجمنٹ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دے دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور میں دو منصوبوں کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔والٹن میں 318 ایکڑ پر محیط نیا تجارتی مرکز آئندہ اٹھارہ ماہ میں قائم کیا جائے گا۔ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی پاکستانی آموں اور قیمتی پتھروں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے پی ڈی ایم کے حوالے سے کہا کہ پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا،یہ بچگانہ سیاست کی علامت ہے یہ آپس کے جھگڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا اتحاد جس کی بنیاد ہی نہ ہوں زیادہ دیر چل نہیں سکتا ،جس کی ہم نے پہلے ہی پیشن گوئی کی تھی۔یہ  ایک ایسی گاڑی ہے جس کا بریک کسی ایک کے ہاتھ میں اور اانجن دوسرے کے کنٹرول میں  ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ ،پی پی اور جے یو آئی کو اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنا چاہیے ۔انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ہم تجاویز دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  استعفوں  کی سیاست ختم ہو چکی ہے یہ لوگ اپنی اپنی انا سے پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ن لیگ ،جے یو آئی اور پیپلز پارٹی سے انتخابی اصلاحات پر الگ الگ بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل حتمی مرحلے میں ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی ریاست ہے، فیصلے کسی گروپ پرنہیں  چھوڑ سکتے۔ مطالبات پر بات ہو سکتی ہے تاہم ڈکٹیشن کسی صورت  ریاست کے حق میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی گروہ  پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔