ماہ رمضان میں مصنوعی مہنگائی اورناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی: ڈپٹی کمشنر

25

مظفر گڑھا13پریل 2021( اے۔پی۔پی)ڈپٹی کمشنر انجینئرامجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں مصنوعی مہنگائی اورناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،مہنگائی کرنے والوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے، چینی کی فروخت کو سرکاری نرخ پر یقینی بنایا جائے گا اس پر کسی قسم کا سمجھوت نہیں کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ہر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنے علاقے میں مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کا ذمہ دار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ غلہ منڈی میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جس کا اثرات مارکیٹوں میں بھی نظر آنے چاہئیں اور رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کو خصوصی ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے انجمن تاجران اور کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو کہا کہ قیمتوں کا تعین ان کی مشاورت سے کیا جاتا ہے تو اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں انجمن تاجران، کریانہ ایسوسی ایشن اور صارف کے نمائندگان کی مشاورت سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کیا گیا جس کا نوٹیفیکیشن ڈپٹی کمشنر جاری کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مقررکردہ قیمتوں کے مطابق اشیاء خوردو نوش کو فروخت کریں اور نرخ نامہ نمایاں جگہ پر لگائیں.