کوئٹہ دھماکہ خودکش تھا ، پاکستان کی ترقی کے دشمن  حکومت کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ؛وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

14

اسلام آباد،22اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد دہشتگردی کو شکست دی، عظیم فوج کےساتھ دہشتگردی کے ہر حملے کو شکست دیں گے، 22 کروڑ افراد ملکی دفاع کیلئےمسلح افواج کے  شانہ بشانہ کھڑے ہیں،پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی بیرونی کوششیں جاری ہیں،کوئٹہ دھماکہ خودکش تھا ، حملہ آور دھماکے کے وقت گاڑی میں ہی بیٹھا رہا ، انٹیلی جنس رپورٹس تھیں کہ ملک دشمن بڑے شہروں میں دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں ، وزارت داخلہ کے ماتحت 22 سکیورٹی اداراوں کو سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات دے دی ہیں ۔

 وہ جمعرات کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد وزیراعلی بلوچستان سے بات ہوئی ہے ، چیف سیکرٹری ،آئی جی ، ایف سی کمانڈر سے بھی رابطہ قائم ہوا ہے دراصل پاکستان کی ترقی کے دشمن عمران خان حکومت کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نےکہا کہ بلوچستان میں 13چوکیوں کی کمان پولیس کو دے دی تھی ، ایف سی مزید چوکیاں چھوڑنے کے لئے تیار ہے لیکن گذشتہ رات سوا 10 بجے ہونے والے خودکش حملہ کے بعد اب اس بارے میں کچھ سوچ بچار کرنا پڑے گی ۔

 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے میں 5افراد جاں بحق اور 11افراد زخمی ہوئے جن میں سے طبی امداد کے بعد 6زخمیوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے ،5زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ خودکش دھماکے کے لئے 60سے 80کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا ہے، خودکش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ گاڑی کو فرانزک کے لیے بھیجا جاچکا ہے،چیف سیکریٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے اور حتمی رپورٹ تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،پاکستان کی ترقی جنہیں ایک آنکھ نہیں بھاتی وہ غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، اڑھائی سے 3 لاکھ سوشل میڈیا اکائونٹس صرف بھارت سے گزشتہ 10 دنوں میں کھلے۔شیخ رشید نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان ملک کی ترقی کا نام ہے، گوادر پاکستان کا مستقبل ہے، چین ہمارا آزمودہ دوست ہے اور ہماری چین سے دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، ایسی صورتحال میں دھماکے کا اصل مقصد پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنا ہے اور اسے نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادارے ، وزارت اطلاعات و نشریات ،وزارت انفارمیشن  ٹیکنالوجی ملکر سوشل میڈیا کا حل لار ہے ہیں جبکہ وزارت داخلہ امن و امان کے حوالے سے اہم بل ایوان میں لارہی ہے ۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابصارعالم کے کیس کی تحقیقات ہو رہی ہیں، متعلقہ اداروں کو دو دن کی مہلت دی ہے، تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو دیکھاجارہا ہے ۔