وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کی  ملاقات ،کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت

18

لاہور، 22 اپریل (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے جمعرات کو  یہاں   ملاقات کی۔ ملاقات میں کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا  گیا  جبکہ  باہمی دلچسپی کے امور،حلقے کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے،قوم کی تائید وحمایت سے دشمن کے مذموم عزائم پہلے بھی ناکام بنائے،آئندہ بھی بنائیں گے، قوم اور سکیورٹی اداروں نے قیام امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، بزدل دشمن بہادر قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔

 انہوں نے حالیہ صورتحال پر اپوزیشن کے افسوسناک رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افراتفری کی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیاہے اوردیتے رہیں گے، منفی سیاست کو 22کروڑ عوام مسترد کرچکے ہیں، پے درپے ناکامیوں کے بعدمخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے، پنجاب میں حقیقی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور یہ سفرتیزی سے جاری و ساری رہے گا اسے روکنے کی کوشش کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے، ماضی میں دانستہ طور پر بعض علاقوں کو نظر انداز کیا گیا لیکن ہماری حکومت نے یکساں ترقی کا وژن دیا، پی ڈی ایم ملک میں عدم استحکام چاہتی تھی لیکن خود ٹوٹ پھوٹ چکی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ عوام کی حمایت سے اپوزیشن عناصر کے افراتفری پھیلانے کے عزائم ناکام بنائے ہیں، وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے، اپوزیشن جماعتوں نے حساس معاملات پر بھی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی۔