کورونا وباء سے بچاﺅ کی حکومتی پالیسی پر مکمل عمل درآمد کریں: آئی جی پی، کے پی ثناءاللہ عباسی

16

پشاور، 2 اپریل(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ریجنل پولیس افسروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرس کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹیگیشن، ایڈیشنل آئی جی پی آپریشنز،  ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی، جبکہ ریجنل پولیس افسران اور سی سی پی او پشاور ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ماہ رمضان میں سیکیورٹی اقدامات، کورونا وائرس کے خلاف حکومت کی طرف سے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد اور اس سلسلے میں پولیس اقدامات اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق ریجنل پولیس افسروں سے تفصیلی بریفنگ لی اور انہیں چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

ریجنل پولیس افسروں نے آئی جی پی کو اپنے اپنے ریجنوں میں اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ آئی جی پی نے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ ماہ رمضان المبارک میں عوام کے جان و مال کی تحفظ کے لئے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہیں کورونا وائرس کے خلاف حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر موثر طریقے سے عمل درآمد اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اعلیٰ پولیس حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ محکمہ پولیس میں دوران ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کو ماسک پہننے اور کورونا وباءسے بچاﺅ کی SOPs پر من و عن عمل کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔آئی جی پی نے اعلیٰ حکام کو کورونا وائرس کے خلاف ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ عسکریت پسندوں، منشیات فروشوں اور سمگلروں کے گٹھ جوڑ پر کڑی نظر رکھنے اور باقاعدہ لائحہ عمل وضع کر کے ان کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کو بروقت ناکام بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہیں گرین پاکستان مہم میں بھر پور حصہ لینے، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور انصاف کی فراہمی اور اپنے اپنے ریجن میں جاری ریکروٹمنٹ کے عمل کو صاف و شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔