اسلام آباد،02 اپریل(اے پی پی): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں نوجوان پارلیمنٹرین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، ملکی آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان اپنی توانائیاں بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ینگ پارلیمنٹری فورم (وائی پی ایف) ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پیپس) اور پائیدار سماجی ترقی کی تنظیم (ایس ایس ڈی او) کے مابین پارلیمنٹ ہاؤس میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کے حل کے لئے نوجوانوں کی شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی اور سماجی ترقی نوجوانوں کی فعال شرکت کا مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپس نوجوان اراکین پارلیمنٹ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرسکتا ہے تاکہ ایوان کی کارروائی کے دوران ان کی شرکت کو زیادہ معنی خیز بنایا جا سکے۔
سیکرٹری جنرل وائی پی ایف عظمہ ریاض نے کہا کہ وائی پی ایف ، پیپس اور ایس ایس ڈی او کے مابین اشتراک سے نوجوان پارلیمنٹیرین کی شرکت کو مزید موثر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا وژن ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں پیپس اور ایس ایس ڈی او کے کردار کو سراہا۔











