انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کابینہ نے 2آرڈیننس منظور کر لیے ہیں؛وفاقی وزیر  اطلاعات  فواد چوہدری کی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ

18

 

اسلام آباد ،04  مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے اطلاعات  و نشریات فواد چوہدری  نے  کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کابینہ نے 2آرڈیننس منظور کر لیے ہیں،آرڈیننس کے تحت الیکشن کمیشن کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اقدامات کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ انتخابی اصلاحات کے تحت ووٹنگ کا جدید نظام لایا جا رہا ہے جس کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک کا استعمال ہو گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات منگل کو یہاں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن اصلاحات کے حوالے سے کابینہ میں 4 نکات  پیش کئے گئے  جن میں سے ایک  الیکٹروننگ ووٹنگ مشین کا استعمال  ہے جس کی مدد سے الیکشن کا نتیجہ 20 منٹ میں حاصل کیا  جاسکتا  ہے ۔ دوسرے نکات میں  اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ  دینے کا حق   شامل ہے ، اس حوالے سے دو آرڈینس کی منظوری دی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن کو ای  وی ایم کے استعمال کا اختیار دے دیا گیا ہے جبکہ اوورسیز  پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے  الیکشن کمیشن  اقدامات کرے، اس کے علاوہ   انتخابات میں بائیومیٹرک کااستعمال  ہے جس کے لیے ٹیکنالوجی  کی مدد لی جائے گی ،ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے کنسلٹنٹ مقرر  کر دیا گیا ہے ،جبکہ چوتھا نکات  قانون سازی ہے جس  کا عمل  مکمل کر لیا گیا ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، توقع ہے کہ سیاسی جماعتیں بیرون ملک مقیم پاکستا نیوں کو ووٹ کا حق دینے میں ساتھ دینگی،تحریک انصاف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے 49میں سے 40نکات پر اپوزیشن جماعتوں نے خود اتفاق کیا تھا،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت نابلد ہے،ہر معاملے کو سیاسی رنگ دیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کورونا ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد ہو ، عید کی چھٹیوں میں لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا کیسز میں کمی لانا ہے، کراچی سمیت  سندھ میں ایس او پیز پر کم عملدرآمد ہوا ہے جس کے باعث کیسز میں اضافہ ہوا ہے  جبکہ  حکومت سندھ  کی درخواست پر صوبے میں فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے  ۔اس کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں  کورونا کیسیز  میں واضح کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جولائی تک ڈھائی کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ  بھارت میں بھی غیر ذمہ دارانہ الیکشن مہم کے باعث کورونا پھیلا  ،  پاکستان  میں  بھی انتخابات میں الیکشن کمیشن کو ایس  ایس او  پیز پر عملدرآمد کرانے کی ضرورت ہے۔انہوں   نے کہا کہ کورونا کے حالات کی وجہ سے کراچی الیکشن میں  ٹرن آؤٹ کم رہا، اتنے کم شرح سے ووٹ لیکر کوئی حلقہ کی نمائندگی نہیں کرسکتا  اس لیے این اے دو سو انچاس میں دوبارہ گنتی کے بجائے  دوبارہ انتخاب ہونا چاہیے ۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے  کہا کہ  حکومت چاہتی ہے کہ وراثتی سرٹیفیکٹ کا حق  سمندر پار پاکستانیوں کو بھی ملے،جس کے لیے نادرا کو 24 سفارتخانوں تک کی رسائی  دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں  قیدیوں  کو عید کے موقع پر  30کے بجائے 90 دن کی رعایت کی منظوری دی گئی ہے،سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر رعایت کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ اجلاس میں پاکستان ریلوے میں نجی شعبے کی  شمولیت کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے  جس کے تحت  نجی شعبے کو اوپن بڈنگ کے عمل میں 10 فیصد ایڈوانس ود ہولدنگ  ٹیکس ختم   کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہاپنے داخلی معاملات میں یورپی یونین کی کسی قرارداد کو اہمیت نہیں دیتے،ناموس رسالتﷺپر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ اور اعلیٰ سطح پر تحریک انصاف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں،گزشتہ حکومتوں کو 6ماہ نہیں گزرتے تھے اور بدعنوانی کے الزامات لگنا شروع ہو جاتے تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں بریگیڈیئرریٹائرڈ عتیق کو ہیوی مکینیکل کمپلیکس کا ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین نوکری سے استعفیٰ دیے بغیر ایم پی ون اور ایم پی ٹو سکیل لے سکیں گے جبکہ آئی پی پیز کو بقایا جات کی مد میں 40فیصد ادا کرنے کا  بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے سپریم کورآرڈینشن کمیٹی کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔