ملتان؛ریسکیو1122 کیجانب سے انٹرنیشنل فائرفائٹرڈے کے موقع پر آگاہی واک، فلیگ مارچ  اور سیمینارکا انعقاد

8

ملتان، 04مئی(اے پی پی): ریسکیو1122 کیجانب سے انٹرنیشنل فائرفائٹرڈے کے موقع پر آگاہی واک، فلیگ مارچ  اور سیمینارکا انعقادکیاگیا، جس کا مقصد فائرفائٹرزکوخراج تحسین پیش کرنا اوران کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عوام الناس کو فائرسیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ کمیونٹی کوآگ لگنے کے دوران ان کے اہم کردارسے متعلق انہیں آگاہی دی جاسکے اورفائر ایمرجنسی کے واقعات میں کمی ممکن بنائی جاسکے۔

واک کا آغاز چوک کمہاراں والہ  سے ہوا جومدنی پارک پر اختتام پذیرہوئی۔واک کے شرکاء نے فائرفائٹرزکی خدمات کے اعتراف بارے اورفائرسیفٹی سے متعلق بینرز اورچارٹ اٹھا رکھے تھے، واک کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹرکلیم اللہ نے کی۔ فائرفائٹرز زندہ آباد،فائرریسکیوزندہ باد،ہم ہیں ریسکیورکے نعروں کے ساتھ واک اختتام پذیر ہوئی۔

واک کے بعد”فائرفائٹرزحقیقی ہیروزہیں“ کے موضوع پرریسیکوہیڈ آفس چوک کمہاراں والہ میں ایک سیمینارمنعقد کیا گیا، سیمینارکی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹرکلیم اللہ نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ فائرفائٹرز درحقیقت قوم کے حقیقی ہیروزہوتے ہیں کیونکہ فائرفائٹرنہ صرف انتہائی مشکل کی گھڑی میں لوگوں کی مددکرتے ہیں بلکہ بعض اوقات لوگوں کی مال وجان کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرتے ہیں، فائٹرز اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر لوگوں کے جان ومال کا تحفظ کرتے ہیں، فائر فائٹر ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں انکی بدولت لوگوں میں احساس تحفظ پیدا ہواہے کہ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں ریسکیو 1122کے فائر فائٹرز ملتان کی عوام کی خدمت کیلئے ہر دم تیار ہیں۔

واک کے دیگر شرکاء میں ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال،کنٹرول روم انچارج محمد مدثر ضیاء، ریسکیو سیفٹی آفیسر محمدارشدخان، ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد آفتاب،فائر ریسکیو والنٹیر،سول سوسائٹی اور ریسکیورزنے بھرپور شرکت کی۔