اسلام آباد،08مئی(اے پی پی):وورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے ایکزیکٹیو ڈائریکٹر عارف انیس نے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال سے پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری قدروں کی نشوونما ہو گی جبکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پاکستان سے باہر بسنے والے ایک کروڑ سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک بڑا شاندار اور دور رس نتائج کا حامل فیصلہ ہے۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اے پی پی کو دئیے گئے اپنے خصوصی بیان میں عارف انیس نے کہا کہ میں خاص طور پر وزیر اعظم عمران خان اور انکی کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ کے حوالے سے تاریخ ساز فیصلہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس سے پاکستان سے باہر بسنے والے اوورسیز پاکستانیوں کا رشتہ بھی پاکستان سے بہت مضبوط ہو گا۔
عارف انیس نے کہا کہ ہم نے تقریباً پانچ سال تک اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کے حوالے سے کیس لڑا تھا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی اس کیس میں فریق بنے تھے اوراس فیصلے کے فالو اپ میں الیکٹرونک ووٹنگ کا جو فیصلہ ہے وہ بہت شاندار فیصلہ ہے اور میں اس پر تمام اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔