سکھر،07مئی (اے پی پی ) :آئی بی اے یونیورسٹی کے ڈائریکٹرحسین صدیقی نے شوکاز نوٹس کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 مئی کو طلب کرلیا ہے۔
سکھرآئی بی اے یونیورسٹی انتظامیہ نے مبینہ ویڈیو سکینڈل میں ملوث قرار دیتے ہوئے ڈائریکٹر ایچ آرحسین صدیقی کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
حسین صدیقی مذکورہ یونیورسٹی کے بانی اور پہلے وائس چانسلر مرحوم نثار احمد صدیقی کے بیٹے ہیں جو یونیورسٹی میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں،چند روز قبل ایک طالبہ بختاور سومرونے ویڈیو کے ذریعے یونیورسٹی کے کچھ افسران پر حراسگی کے الزامات لگائے تھے۔
ویڈیو میں لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، کمیٹی کی رپورٹ میں حسین صدیقی کو ملوث قرار دیا گیا ہے،کمیٹی کی رپورٹ کے بعد حسین صدیقی کو شوکاز نوٹس دیا گیا۔
حسین صدیقی نے جمعہ کے روز شوکاز نوٹس کو سندھ ہائی کورٹ سکھرمیں چیلنج کردیا اور اس پرکارروائی روکنے کی استعدا کی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ نے شوکاز نوٹس پر اسٹے جاری کرتے ہوئے فریقین کو 20 مئی کو عدالت طلب کیا ہے۔