سیالکوٹ  میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے؛ فردوس عاشق اعوان

31

سیالکوٹ،22مئی(اے پی پی ): معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کی خدمات قابل تحسین ہیں ،وہ  اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کما کر ملک و قوم کی خدمات کررہے ہیں، ان کے مسائل کے حل کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کوشاں ہے، سیالکوٹ  میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ آفس میں پسرور روڈ پر بزنس کمیونٹی کی پسرور روڈ ایکشن کمیٹی کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں پسرور روڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق کی جانب سے پسرور روڈ کی تعمیر کیلئے اقدامات پر ان کی کاوشوں کو سراہا ۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی عوام کو معیاری ذرائع مواصلات کی سہولیات کی فراہمی ، صحت اور تعلیم کی میعاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے مسائل بغیر کسی سیاسی و جماعتی وابستگی کی تفریق سے حل کئے جائیں گے ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق ،ہمایوں شیخ، چودھری طلعت مسعود ایڈووکیٹ، سہیل سندھا، احسن بھٹہ، علی شیخ زوہیب رفیق، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ عبدالروف، ایکسین ہائی وے ، گیپکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔