فیصل آباد،9مئی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شریف فیملی سمیت قوم کاپیسہ لوٹنے والے ہر شخص سے لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے ،یہ بھول جائیں کہ علاج کے لئے جانے کےلئے کوئی نرمی کی جائے گی ، شریف فیملی کو ڈاکٹروں کو علاج کے لئے اور اولاد کوکرپشن کے حساب کے لئے پاکستان لانا پڑے گا، شہباز شریف کو کسی صورت باہر نہیں جانے دیں گے، ن لیگ کوچیلنج ہے کہ وہ کرپشن کا ایک کیس بتا دیں جس میں وہ باعزت بری ہوئے ہوں ،ضمانت کا مطلب کیس ختم ہونا نہیں ہوتا ۔
وہ اتوار کو سرکٹ ہائوس فیصل آباد میں صوبائی وزیر ثقافت وکالونیز پنجاب خیال احمد کاستروکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف عید لندن میں کرنے کا ریکارڈ برقرار رکھنا چاہتے ہیں، لندن کی یاد ہمیشہ اس وقت آتی ہے جب اقتدار ختم ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان جب اقتدار میں آئے تو کتنے اثاثے تھے، 2018 میں اقتدار ختم ہوا تو کتنے اثاثے تھے اسکا جواب نہیں دے سکے ،ملک میں کرپشن کا آغاز کرنے والے یہ لوگ ہیں، جس انداز سے کرپشن کی وہ بے نقاب ہوچکا ہے ٹی ٹیز ، جعلی اکائونٹس ،منی لانڈرنگ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی نے محبوب ریڑھی والا سے جو لاہور تک نہیں گئے انھیں کاغذوں میں لندن پہنچا دیا ہے ،شریف فیملی اپنی جائیدادوں ، ٹیکس معافی اور ٹیکس چوری کے لئے ایس آر اوز اورریگولیٹری ایکٹ جیسی واردتیں کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کے فتوی جاری کرنے والوں سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور احتساب عدالت کے فیصلے کو کیوں نہیں مانتے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کرپٹ نظام کے خلاف ہے، ان تمام چوروں کے احتساب کا مینڈیٹ عوام نے دیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب زادے شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال اور رانا ثناءاللہ بیماری کا بہانہ بنا کر میڈیا کے سامنے رو رہے تھے، یہ سب کسی نہ کسی کرپشن کیس میں ملوث رہے اور ان کے کیسز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 50روپے کے اسٹام پیپر پرعلاج کے لئے باہر جانے کی اجازت حاصل کرنے والانواز شریف مفرور ہیں ،اب ضامن بھی بھاگنا چاہتا ہے ،اسحاق ڈار ،سلمان شبہاز شریف پوری تو بھگوڑے ہیں ان کے ساتھ ساتھ پوری شریف فیملی بھگوڑہ بننے کا اعزاز حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن ،ٹی ٹیز اور جعلی اکائونٹس کی جان شہباز شریف کے اندر چھپی ہوئی ہے ۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت، متعلقہ ادارہ شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر جائیں گے ، یہ نہیں ہوسکتا کہ انصاف کے نظام کو مفلوج بنا دیں ۔ انہوں نے کہا کہ قانون آپ کے گھر کی باندھی نہیں بن سکتی، پاکستان کے عوام چاہتے ہیں شریف خاندان سمیت جس جس نے ملک کو لوٹا اسکا احتساب ہونا چاہیے ۔
وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے 40 سالہ کمائی کا ایک ایک پیسے کا حساب دیا حالانکہ وہ پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے،اسی بنیاد پر انھیں سپریم کورٹ نے صادق و امین قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر جمہوریت ، اختیار ہوتا ہے تو وہاںپر احتساب بھی ہوتا ہے ،احتساب کو الگ اور اداروں کو کبھی بھی بند نہیں کیا جاسکتا ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت وکالونیز پنجاب خیال احمدکاسترو نے کہاکہ شہبازشریف 10سال سے زیادہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے بھائی نوازشریف وزیراعظم رہے مگر انہوں نے کوئی ایک ایسا ہسپتال کیوں نہ بنایا جس میں شریف خاندان کا علاج ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد خود کینسر کی مریض ہیں اور اس وقت کورونا کے خلاف بھی فرنٹ لائن پر اپنا کردار اداکررہی ہیں مگر ان کا علاج یہیں ہورہا ہے اور انہوں نے کبھی لندن علاج کیلئے جانے کی بات نہیں کی اس لئے اگر شہبازشریف نے اپنا علاج کروانا ہے تو جس طرح یہ ڈاکٹر عدنان کو یہاں سے لے کر گئے تھے اسی طرح وہاں سے ڈاکٹر منگوا لیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی شریف خاندان سے حساب مانگا جائے یہ بیماری کے بہانے ملک سے فرار کی راہ تلاش کرتے ہیں لیکن اب انہیں بیماری کی آڑ میں ملک سے فرار کا موقع نہیں دیاجائے گا۔