قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے،عثمان بزدار

48

لاہور،04مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد غیاث الدین نے ملاقات  کی۔ملاقات میں محمد غیاث الدین نے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلتا ہوں، منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے، مسترد شدہ عناصر کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا، قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی لوٹ مار کا حساب دیں ان عناصر نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے اور  پاکستان کے باشعور عوام ان کرپشن زدہ سیاست دانوں کو مسترد کر چکے ہیں، عوام ان عناصر کی لوٹ مار بھولے ہیں نہ ان کے کرپشن آلود چہروں کو، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔