ملتان؛سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 39 کاروباری مراکز سیل،ایک شخص گرفتار،9بسوں کو تحویل میں لے لیا گیا

13

ملتان، 2مئی(اے پی پی):سمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران39 کاروباری مراکز سیل کر دیئے گئے ہیں جبکہ کوروناایس او پیز کی خلاف ورزی پرایک شخص کو گرفتار،ایک پلازہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا ہے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر نہ اپنانے والوں پر3لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اے سی سٹی خواجہ محمدعمیرمحمود کی قیادت میں سورج میانی اور گلگشت کے ایریا میں13دکانیں سیل کی گئیں ہیں۔ اے سی محمدزبیر نے شجاع آباد میں کارروائی کے دوران9 تجاری مراکز کو سیل کر دیا ہے، کارروائی کے دوران دوبئی شاپنگ سنٹر بھی سر بمہر کردیا گیا ہے، پابندی کے باوجود شاپنگ سنٹر کے شٹر گراکر50 سے زائد شہری خریداری میں مصروف تھے،دوبئی شاپنگ سنٹر کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔

 سیکرٹری آرٹی اے رانا محسن نے کورونا ایس او پیز نظر انداز کرنے پر9بسوں کو تحویل میں لے لیا  ہے، بس مالکان پر40ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔