نارووال،23مئی( اے پی پی) : ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لئے پنجاب حکومت کی کاوشوں اور سرکاری محکموں کی جانب سے انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملد رآمد کی بدولت معاملات بہتر ی کی طرف آئے ہیں، الحمد اللہ اس وقت نارووال میں ڈینگی کا کوئی مریض نہیں ہے، ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی بدولت حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے انسداد ڈینگی ڈے منانے کے موقع پر ضلع نارووال میں ویکٹر سرویلنس کے لئے کام کرنے والی ٹیموں کی کارکردگی کا فیلڈ میں معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صوبہ کی سطح پر انسداد ڈینگی کا دن منانا سرکاری محکموں کی کار کردگی کو مزید بہتر بنانے اور اس قومی اہمیت کے کام میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنانا ہے ،پنجاب حکومت نے صوبائی سطح پر انسداد ڈینگی ڈے کا انعقاد کرکے سرکاری محکموں ،معاشرہ کے صاحب رائے لوگوں، این جی او ز اور عام شہریوں کو ایک مشترکہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھنے کا ایک موقع فراہم کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے پولیس کے مال مقدمہ سٹور نزد تھانہ صدر ،جمنیزیم نارووال سے ملحقہ پرائیویٹ نرسریوں اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ویکٹر سرویلنس کے لئے کام کرنے والی ٹیموں اور مقامات کا مشاہدہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موثر ویکٹر سر ویلنس کی بدولت ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ضلع نارووال میں کام کرنے والی 74 آوَٹ ڈور ٹیموں اور 414 ان ڈور ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے مربوط کاوشیں ہی ثمر آور ہو سکتی ہیں جس کے لئے سرکاری محکموں اور عام شہریوں کو مل جل کر کام کرنا ہے۔
اس موقع پر سی او ھیلتھ ڈاکٹر محمدخالد، ڈی ایچ او و فوکل پرسن ڈاکٹر محمد طارق ،ایم ایس ڈاکٹر محمد شہباز ،ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر ریاض گل،ڈاکٹر نویدحیدر، ڈاکٹر زاھد ،ڈسٹر کٹ انٹامالوجسٹ محمد امانت اور محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔