وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے نائب صدر کی سربراہی میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے سینئر نمائندوں پر مشتمل وفد کی ملاقات

15

اسلام آباد5مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے نائب صدر (مشرق وسطیٰ ریجن) کی سربراہی میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے سینئر نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔وزیر اطلاعات نے وزارت اورہواوے کے مابین ٹیکنالوجی ، ڈیجیٹلائزیشن اور مختلف سرکاری اداروں میں ای گورننس کے مؤثر نفاذ کیلئے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان میں آئی سی  ٹی صنعت کی ترقی میں ہواوے کے تعاون کو سراہا۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت سرکاری امور میں پیپر لیس( کاغذ کے بغیر کام کرنے) ماحول کے منصوبے پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ براڈبینڈ اور انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی جن کا مقصد عام لوگوں اور حکومت دونوں کو مزید وسائل فراہم کرنا ہے۔وزیر اطلاعات نے وفد کو میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے حکومتی اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جدید تعلیمی ادارہ بنانے میں ہواوے کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔۔وفد نے وزیر کو پاکستان میں ہواوےٹیکنالوجیز کے ذریعے لگائے گئے مختلف سرمایہ کاری منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ وفد نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ ہواوے پاکستان میں اپنے محفوظ اور قابل اعتماد حل اور جدید ترین ٹیکنالوجیز متعارف کرواتا رہے گا۔