وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے؛ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

42

لاہور، 6 مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے وکلاء برادری کے مسائل کو یکسر فراموش کئے رکھا۔ وکلاء کی سہولت کیلئے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ قیام گاہ بنائی جائے گی، وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے بارایسوسی ایشنز کو گرانٹ ان ایڈ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے لاہور ہائی کورٹ بار، ڈسٹرکٹ بار اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کو گرانٹ ان ایڈکے چیک تقسیم کیے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 20 لاکھ روپے کے چیک بارایسوسی ایشنز کے عہدیداران کو دیئے جس پر بارایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے گرانٹ ان ایڈ پر وزیر اعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہمیشہ وکلاء کے مسائل کے حل کو مقدم جانا ہے-

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے، اِن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے وکلاء برادری کے مسائل کو یکسر فراموش کئے رکھا، سابق حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے، وکلاء برادری کو بھی ریلیف دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر کے وکلاء کے لئے دیگر سہولتیں بھی فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں ، دور دراز شہروں سے آنے والے وکلاء کی سہولت کیلئے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ قیام گاہ بنائی جائے گی، وکلاء ٹاور کے لئے موزوں جگہ کا انتخاب کر کے جلد کارروائی شروع کی جائے گی اور وکلاء برادری کی رہائش کی سہولتوں کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ وکلاء برادری کو ہیلتھ کارڈ بھی دیئے جائیں گے –