پاکستان سنی تحریک کی جانب سے فلسطینی مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی

18

سکھر،21مئی(اے پی پی ): پاکستان سنی تحریک سکھرکی جانب سے فلسطینی مسلمان بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اوراسرائیلی مظالم کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے جمعہ کے روز احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے میں سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر مولانا نور احمد قاسمی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ56اسلامی ممالک کی فوج فلسطین میں ہونے والے ظلم وبربریت کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مسلمانوں پر اسرائیلی فوج کھلی دہشت گردی کابازار گرم کئے ہوئے ہے، معصوم بچوں کو شہید کرکے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔

اقوام متحدہ اس ظلم ، بربریت اور صہیونی دہشت گردی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، فلسطین ، کشمیر ، روہنگیا، برمااوربھارت میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ بیت المقدس کی سرزمین صلاح الدین ایوبی کی منتظرہے اور عالم اسلام کے سربراہوں کوپکارہی ہے۔