پی پی 84خوشاب 3 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل جاری،2لاکھ 92ہزار 687 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے

31

خوشاب،05مئی(اے پی پی): پی پی 84خوشاب 3 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل جاری ہے  جو بغیر کسی وقفہ کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

حلقہ پی پی 84 خوشاب میں کل وٹرز کی تعداد 2لاکھ 92ہزار 687ہے جبکہ 8 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔اس حوالے سے 229پولنگ اسٹیشن اور666 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، الیکشن میں تقریباً 2000کے قریب سرکاری ملازمین اپنی اپنی ڈیوٹی سر انجام دینگے۔

ڈی پی او محمد نوید  نے  پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملہ کو ڈیوٹی سے متعلق بریف کیا اور کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ 229 پولنگ اسٹیشن میں سے 14پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں، جن پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔حلقہ پی پی 84 میں پولنگ کے موقع پر2880پولیس کے اہلکار اور 600رینجر کے جوان ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں ،جو پولنگ عملے کو باحفاظت اور وقت پر پہنچائیں گے اور پولنگ والے دن امن و امان کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف الیکشن کی تکمیل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے، کسی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ  حلقہ پی پی 84 خوشاب کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک محمد وارث کلو کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی جس میں مسلم لیگ ن  اور پی ٹی آئی کے امیدواروں میں  کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، الیکشن میں ٹوٹل 8امیدوار حصہ لے رہےسردارعلی حسین خان پی ٹی آئی اور معظم شیر کلو مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔