اسلام آباد،21مئی (اے پی پی):اسیر حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیریوں کو ایک جیسی جنگ کا سامنا ہے،سیز فائر سے فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہونا۔ہندوستاون اور اسرائیل دونوں کاایک ہی ایجنڈا ہے، فلسطین اور کشمیر کو ایک جیسی جنگ کا سامنا ہے۔
جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر دنیا کو کھڑا ہونا پڑے گا،کشمیری لیڈر شپ جیلوں میں بند ہے،فلسطین اور کشمیر جل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری اور فلسطینی کیا قربانیاں دینے کے لیے پیدا ہوئےہیں۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر میں قتل عام کی ایک طویل داستان ہے،مقبوضہ کشمیر میں لوگ آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں،دنیا میں اسلام مخالف تحریک چل رہی ہے۔اشرف صحرائی کو جیل میں قتل کیا گیا،انہیں زہر دیا گیا،مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بھوک سے مر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے وینٹیلیٹر اٹھا کر بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرسے باہر منتقل کیے، آسیہ اندرابی اور یسین ملک کا بھارتی ایجنسیوں نے خاندان سے رابطہ منقطع کر دیا ہے۔
مشعال حسین ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین اور کشمیر کے معاملے پر ناکام ہو گئی ہے،ہندوستان اور اسرائیل دونوں ایک ہی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ،دنیا کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل کرنا ہو گا۔