اوکاڑہ؛ڈینگی کے انسداد کے لئےسرکاری ادارے گلی، محلوں، سڑکوں، پارکوں کی صفائی ستھرائی پر توجہ دیں، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی

81

اوکاڑہ،30جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا ہےکہ ڈینگی کے انسداد کے لئے ہمیں کاوشیں جاری رکھنا ہیں کیونکہ موجودہ موسم میں احتیاط کی مزید ضرورت ہے۔ سرکاری ادارے گلی، محلوں، سڑکوں، پارکوں کی صفائی ستھرائی پر توجہ دیں اور کہیں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے گھروں کو خشک رکھیں، کہیں پانی نہ کھڑا ہونے دیں تاکہ ڈینگی لاروا کو پروان چڑھنے کا موقع نہ ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ضلعی محکموں کے سر براہان سمیت ممبران کمیٹی بھی موجود تھے۔

ڈسٹر کٹ انٹا مالوجسٹ محمد اقبال نے ضلع میں ویکٹر سرویلینس اور ہاٹ سپاٹس کی نگرانی کےلئے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق بر یفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ویکٹر سر ویلینس کی ذمہ داریوں کے لئے متعین ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے محکمہ بلڈنگ، پبلک ہیلتھ اور بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے زیر انتظام عمارتوں میں صفائی ستھرائی، سیو ریج لائنوں کی مرمت اور واٹر سپلائی کے انتظامات کو بہترین حالت میں رکھیں، نل اور واٹر سپلائی پائپوں کی لیکیج کسی جگہ سے نہیں ہونی چاہیے۔