ایوان کی کارروائی کے دوران پارلیمانی روایات کو برقرار رکھنا اور ماحول کو سازگار بنانا حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ زمہ داری ہے؛اسپیکر قومی اسمبلی

11

اسلام آباد، 17 جون (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایوان کی کارروائی کے دوران پارلیمانی روایات کو برقرار رکھنا اور ناخوشگوار واقعات کو رونما ہونے سے روکنا  تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشترکہ زمہ داری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے  اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہاؤس کے کسٹوڈین ہونے کی حیثیت سے انہوں نے جماعتی وابستگی سے بالا تر ہو کر ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے والے ممبران کے خلاف ایکشن لیا ہے۔

 اسپیکر نے کہا کہ عوامی نمائندے عوام کے لیے رول ماڈل ہوتے ہیں اس لیے انہیں زیادہ سے زیادہ محتاط رہنے کے لیے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ہمیں غیر پارلیمانی رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے بہترین مثال قائم کرنا ہونگی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے رویوں سے جو گزشتہ دنوں ایوان میں رونما ہوئے سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے اچھی مثال قائم نہیں قائم کر پائیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے ذریعے ہونے والی مشاورت سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پارلیمانی سال میں اپوزیشن کو بجٹ اجلاس کی بحث میں حصہ لینے کے لیے بھرپور موقع فراہم کیا گیا تھا۔ انہوں نے دونوں اطراف کے ممبران پر ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنے اور افہام و تفہیم سے معاملات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔