بچوں کو ٹائیفائیڈ جیسے موزی بیماری  سے محفوظ رکھنے کیلئے  14سے 26 جون تک جاری رہنے والی مہم کے دوران انجیکشن ضرور لگوائیں؛ ڈپٹی کمشنر نارووال عائشہ غضنفر

51

نارووال، 12 جون( اے پی پی) :ڈپٹی کمشنر عائشہ غضنفر نے کہا ہے کہ بچے وطن عزیر کا قیمتی سرمایہ ہیں،ان کاروشن مستقبل صحت سے وابستہ ہے،والدین کو بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دیناہوگی لہذا بچوں کو دیگر وبائی امراض کے ساتھ ساتھ ٹائیفائیڈ جیسے موزی بیماری  سے محفوظ رکھنے کے لیے 14سے 26 جون تک جاری رہنے والی ٹائیفائیڈ مہم کے دوران انجیکشن ضرور لگوائیں تاکہ وہ صحت مند ماحول میں پرورش پاکر ملک کی تعمیروترقی میں اپناکردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے یہ بات آج ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں ٹائیفائیڈ مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ھیلتھ ڈاکٹر محمد خالد،ڈی ایچ او و فوکل پرسن ڈاکٹر محمد طارق،ایم ایس ڈاکٹر محمد شہباز،اے ایم ایس ڈاکٹرمحمد سرفراز،ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ امانت علی،ڈی ایس وی مجاہد علی،انچارج شعبہ ڈائیلاسز طارق شاہین،نرسنگ انچارج مقبول فاطمہ،عدیلہ ارشد و دیگر اس موقع پر موجود تھیں۔

سی ای او ہیلتھ نے ڈپٹی کمشنر عائشہ غضنفر کو بتایا کہ ضلع نارووال میں ٹائیفائید مہم 14 جون سے شروع ھوکر 26 جون تک جاری رہے گی جس کے دوران 9 ماہ سے  15 سال کے1 لاکھ7 ہزار190 بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے جس کے لیے 69 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،شہری آبادی کے لئے ڈی ایچ کیو،سکولز،مدارس اور یونین کونسل کی سطح پر کٹ سٹیشن لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پولیو کی طرح یہ مہم گھر گھر نہیں ہوگی، بلکہ تمام بچوں کو مخصوص کٹ سٹیشن پر ٹائیفائید سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

 فوکل پرسن ڈاکٹر طارق  نے  بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹائیفائیڈ ویکسین مفید  ہے اور اس کی ایک خوراک بچے کو ٹائیفائیڈ سے محفوظ بناتی  ہے ۔ عوام سے التماس  ہے  کہ اپنے بچوں کی صحت کا خیال رکھیں اور ان کو لازمی ویکسینیٹ کروائیں۔

ڈپٹی کمشنر عائشہ غضنفر نے اس موقع پر ٹائیفائیڈ مہم کے حوالے سے آگاہی ریلی کی قیادت بھی کی-