لاہور،7جون (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی سے پیر کو یہاں ملاقات کی ،ملا قات میں قومی سیاسی صورتحال، پنجاب کے امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔
اس مو قع پرسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں دعا کرائی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی اس اسمبلی میں بیٹھنے والوں سے اپنے دین اور اپنی مخلوق کیلئے ایسے قوانین بنوائے جن سے عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں۔
اس موقع پر چودھری پرویزالہی نے کہا کہ سپیکر اسد قیصر کی دعا سے آج ایوان کا آغازہو گیا ہے۔ چودھری پرویزالہیٰ نے سپیکر قومی اسمبلی کو پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ پارلیمانی سسٹم اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اسمبلیوں کے مابین وفود کا تبادلہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی ملکی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت میں لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاتے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ آپ کی وزارتِ اعلی کا دور مثالی دور تھا، چودھری پرویزالہی کے ترقیاتی منصوبوں کی افادیت کا پنجاب کے ارکان اسمبلی اکثر ذکر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ریسکیو 1122 بلاامتیاز عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا آپ کے دور کے ملتان، فیصل آباد اور کارڈیالوجی کے دیگر شہروں میں ہسپتالوں سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔
سپیکر چودھری پرویزالہی نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے اسد قیصر کو پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کروایا۔ سپیکرقومی اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کی خوبصورتی کو سراہا۔
اس موقع پر سینیٹر ایوب آفریدی، ارکان قومی اسمبلی جنید اکبر، فیض اللہ کموکا، صوبائی وزیر چودھری ظہیرالدین اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔











