سکھر:ٹرین تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 40ہو گئی ،امدادی کارروائیوں میں آرمی کے ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں

30

سکھر،07جون(اے پی پی ):سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقہ ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس ٹرین کے مابین تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 60 سے تجاوزکرگئی ہے۔جائے حادثہ سے ٹرین کی بوگیوں سے لاشیں نکالنے کا کام تیزکردیا گیا ہے،آرمی اور رینجرز کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

دو ٹرینوں کے مابین تصادم کے نتیجے میں اب تک 40 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 60 سے زائدزخمیوں کو گھوٹکی، رحیم یارخان اور دیگرہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

کمشنرسکھررفیق مہیسر اور ایس ایس پی گھوٹکی عمرطفیل نے حادثہ میں 40 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ 40 لاشیں نکالی گئی ہیں۔ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ تقریبا 30 سے 40 لوگ ابھی تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

 پاک آرمی، رینجرز،پولیس اور ایدھی کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، بوگیوں کو کاٹ کر مسافروں کو نکالا جا رہا ہے،امدادی کارروائیوں میں آرمی کے ہیل کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں، پاک فوج کے انجینئرز کی خصوصی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے، زخمیوں اور جاں بحق افراد کو صادق آباد، ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو کےہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ریلوے کے4 ملازمین بھی شامل ہیں۔