سکھر:ڈہرکی ٹرین حادثہ کے بعد اپ لائن کلیئر، کراچی سے پنجاب جانے والی ٹرین کا سلسلہ جاری

45

سکھر،08جون(اے پی پی): ڈہرکی کے قریب ٹرین حادثہ کے بعدایک ٹریک کلیئرکردیاگیاہے، زکریہ ایکسپریس جائے حادثہ سے روانہ ہوگئی، دوسرا ٹریک ابھی کلیئرنہیں ہوا۔ ترجمان ریلوے سکھر داﺅد ملک کے مطابق گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثہ کے مقام پرریلوے کی اپ لائن منگل کی صبح 9 بجکر 55 منٹ پر کلیئرکردی گئی ہے، اپ لائن کلیئرہونے کے بعد کراچی سے پنجاب جانے والی زکریہ ایکسپریس ٹرین 10کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے صبح 10 بجکر 25 منٹ پر جائے حادثہ کی جگہ سے روانہ ہوئی۔

ترجمان ریلوے سکھرداﺅدملک نے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جائے حادثہ پرفی لحال ایک ٹریک کلیئرکردیا گیا ہے جبکہ دوسری لائن کو کلیئرکرنے میں کچھ وقت لگے گا کیونکہ حادثہ کا شکارایک انجن کے نیچے ابھی تک لوگ دبے ہوئے ہیں، ان کو نکالنے کے لئے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جب تک دوسرا ٹریک کلیئرنہیں ہوتا تب تک دونوں اطراف کی ٹرینوں کوایک ہی ٹریک پر چلایا جائے گا، اس سلسلہ میں ریلوے انتظامیہ مشاورت کر رہی ہے۔ حادثہ کی وجہ سے ریلوے ٹریک 30گھنٹوں تک بلاک رہا۔