صوبے میں ستر فیصد آبادی کی ویکسینیشن کے بعد کورونا پابندیاں کم ہو سکیں گی؛ وزیر صحت خیبرپختونخواتیمور جھگڑا

19

پشاور، 3جون(اے پی پی): وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن بڑے پیمانے پر شروع کر دی ہے اور اس مقصد کیلئے کورونا ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد 270 سے بڑھا کر 1 ہزار کر رہے ہیں جبکہ بنیادی مراکز صحت اور آر ایچ سیز سمیت تمام ہسپتالوں میں سینٹرز بنائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاون خصوصی اطلاعات واعلی تعلیم کامران بنگش کے ہمراہ صوبے میں بڑے پیمانے پر کورونا سے بچاو ویکسینشن شروع کرنے کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ سے خطاب کے دوران کیا۔  تیمور جھگڑا نے واضح کیا کہ صوبے کو کورونا ویکسین کی سپلائی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے اور روزانہ 30 ہزار سے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ آئندہ 2 سے 3 ماہ میں 1 لاکھ شہریوں کو روزانہ ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ 70 فیصد آبادی کی ویکسینیشن کے بعد کورونا پابندیاں کم ہو سکیں گی جسطرح برطانیہ میں بڑے پیمانے پر کورونا ویکسینیشن کے بعد کوئی موت ریکارڈ نہیں ہوئی۔

 معاون خصوصی اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے عوام سے درخواست کی کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لیں اور کورونا ویکسین سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں کیونکہ ویکسین کے معمولی سنجیدہ نوعیت کے سائیڈ ایفیکٹس نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین عالمی ادارہ صحت اور ملکی اداروں سے اجازت کے بعد لگائی جاتی ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات و اعلیٰ تعلیم نے اس بابت میڈیا سے درخواست کی کہ ویکسین کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا اپنا کردار ادا کرے کیونکہ خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کو اس وباء سے محفوظ رکھنے کے لیے بہتر اقدامات اٹھائے ہیں۔