ملتان،04 جون(اے پی پی): گورنمنٹ اقبال سکینڈری سکول شاہ رکن عالم کالونی، محکمہ جنگلات توسیع ڈویژن ملتان، ایجو کیشنل اینڈ سوشل فورم اور بزم مقصود کائنات کے زیرا ہتمام عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں شجر کار ی مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل عنایت علی قریشی، تحصیل فوریسٹ آفیسر محمد رفیق ممتاز، رانا محمد شہزاد، میاں وقاص فرید قریشی، رانا یوسف نون، ملک نذر محمد، امام الدین، حافظ داود احمد، رانا محمد صادق، رانا محمد انور، مظفر لطیف، ڈاکٹر فرحان، عنایت اللہ، سعید زاہد، قاری عاشق، صابر شکور، اقبال خان اور طلباء شریک تھے۔
اس موقع پر پرنسپل عنایت علی قریشی، فوریسٹ آفیسر محمد رفیق ممتاز نے کہا کہ شہری صحت مند ماحول کیلئے زیادہ سے زیادہ پودیں لگائیں اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بلین ٹریری منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے ہر شخص انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ پودے لگانا صدقہ جاریہ ہے اور انکی حفاظت کرنا بھی ہمارا فرض ہے، پاکستان بہت جلد گرین، کلین بنے گا اس سے گرمی کی شدت میں بھی نمایا ں کمی واقع ہو گی، انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات توسیع ڈویژن ملتان شہریوں میں مفت پودے تقسیم کر رہاہے اور اس سلسلے میں شعور آگاہی بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر میاں وقاص فریدقریشی، رانا یوسف، نون، رانا محمدشہزاد، ملک نذر محمد نے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں پاکستان میزبانی کے فرائض بھی ادا کر رہا ہے جو کہ ہمارے ملک کیلئے اعزاز کی بات ہے جبکہ پوری دنیا نے گرین کلین پاکستان منصوبے کو سراہا ہے، بطور پاکستانی ہم سب پرفرض ہے کہ ہم اپنے حصے کا ایک پود ا ضرور لگائیں یہ ہماری آئند ہ آنے والی نسلوں کیلئے مفید ثابت ہوگا۔
اس موقع پر پرنسپل عنایت علی قریشی، فوریسٹ آفیسر محمد رفیق ممتاز، میاں وقاص فرید قریشی، رانا محمد شہزاد اور نذر محمد نے طلباء میں پودے بھی تقسیم کیے۔











